مظاہرین کو اکسانے اور وعدے لینے والی بشری بی بی خود بھاگ گئیں(عظمی بخاری)

تاریخ میں کوئی انقلاب اتنی جلدی نہیں بھاگا جتنی جلد   یہ بھاگا،پنجاب ، سندھ اور بلوچستان نے  تحریک فساد  کی ہر کال کو مسترد کیا
بشری بی بی کو لگ رہا تھا جیسے پاکپتن کی گلیوں میں گھوم رہی تھیں، انہوں نے  بانی پی ٹی آئی کی سیاست کا بیڑہ غرق کیا :پریس کانفرنس

   لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے  تاریخ میں کوئی انقلاب اتنی جلدی نہیں بھاگا جتنی جلد  گزشتہ روزبھاگا، تحریک فساد کی طرف سے 5 مختلف کالز دی گئیں لیکن پنجاب کے لوگ تحریک فسادکی کسی کال میں شامل نہیں ہوئے اور پنجاب ، سندھ اور بلوچستان کے لوگوں نے ہر طرح کی کالز کو مسترد کیا۔   لاہور میں پریس کانفرنس  کرتے ہوئے  انہوں نے کہا اسلام آباد کی سڑکوں پر دوڑتے اور فرارہوتے عالمی ریکارڈ بنتے دیکھا، دنیا کی کوئی تاریخ میں انقلاب اس طرح نہیں بھاگا، وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے اور کی محنت پر ہی پنجاب کے لوگ فساد کی کال کو مسترد کرتے ہیں۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کہا جا رہا ہے بشری بی بی ملک بچانے نکلی ہیں، اب تو پوری پارٹی بتا چکی بانی پی ٹی آئی نے سنگجانی پر جلسے کی اجازت دے دی تھی لیکن بشری بی بی نے سنگجانی پر جلسے کو ویٹو کردیا، اب بھی کوئی سمجھا دے بشری بی بی گھریلو خاتون ہیں، گھریلو خاتون 3 دن تک کنٹینر پر دندناتی رہیں اور مشکل وقت میں علی امین گنڈاپور کو کہا تم آگے جا میں پیچھے آتی ہوں۔عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ بشری بی بی لوگوں سے وعدے لے رہی تھیں ، انہیں اکسا رہی تھیں اور پختونوں کا خون گرما رہی تھیں، وہ بیچارے کھڑے رہے لیکن بشری بی بی خود بھاگ گئیں، انہوں نے کہا خان کو لیے بغیر نہیں جاں گی لیکن گنڈاپور سمیت دیگر خانوں کے ساتھ ہی واپس چلی گئیں‘ بشری بی بی کو لگ رہا تھا جیسے پاکپتن کی گلیوں میں گھوم رہی تھیں ، انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی سیاست کا بیڑہ غرق کیا اور خود کو عقل سے عاری خاتون ثابت کیا۔