بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز کا آغاز ہوگیا

 پاکستان  ذمہ دار ملک ،دنیا بھر میں قیام امن کے لئے اپنا منفرد کردار ادا کر رہا ہے
پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے:خواجہ آصف کا تقریب سے خطاب  

کراچی(آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے  آئیڈیاز نمائش دفاعی پیداوار کے فروغ میں معاو ن ثابت ہوگی،پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو دنیا بھر میں قیام امن کے لیے اپنا منفرد کردار ادا کر رہا ہے،علاقائی امن اورسماجی واقتصادی ترقی کیلئے رابطوں کا فروغ ضروری ہے، پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں 4 روزہ عالمی دفاعی نمائش انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز  2024 )  سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا باضابطہ افتتاح کیا، مقامی طور پر تیار ہونے والی دفاعی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کی جا رہی ہیں ، نمائش میں دنیا بھر سے 550 سے زائد نمائش کنندگان سٹالز لگائیں گے۔ اپنے  خطاب  میں  خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تمام وفاقی وزرا، سینئر ملٹری وسول افسران اور تقریب میں شریک تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز2024بہت اہمیت کی حامل ہے، دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھائیں گے