اسلام آباد(آئی ا ین پی) پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے ہیلی کاپٹر کے ساتھ بین الاقوامی دفاعی نمائش ( آئیڈیکس) اور بحری دفاعی نمائش (نیو ڈیکس میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا۔ جس میں 65 ممالک کی شرکت کے ساتھ 8 ممالک کے بحری جہازوں نے شرکت کی۔بندرگاہ آمد پر متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر اور DEX/NAVDEX کمیٹی کے سربراہ نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔ بندرگاہ کے دورے کے دوران، کمانڈنگ آفسر نے نمائش میں شرکت کرنے والی غیر ملکی شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔مسلح افواج، کاروباری اور کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ نامور شخصیات نے جہاز کا دورہ کیا۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے رواداری اور بقائے باہمی، رومانیہ اور یمن کے وزرائے دفاع، رومانیہ کی نیول فورس کے سربراہ، چیف آف سٹاف مصری نیول فورسز، کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز، کمانڈر رائل بحرین بحریہ اور ڈیمین شپ یارڈ کے سی ای او سمیت مختلف بحری قیادت نے پی این ایس یرموک کا دورہ کیا۔