مشرق وسطیٰ میں فوری اور جامع جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے، چینی صدر

مشرق وسطیٰ میں فوری اور جامع جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے، چینی صدر

چینی صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کی ہے، جس میں توانائی، دفاع، اسلحہ معاہدوں اور دیگر اہم عالمی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یوکرین، ایران اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال عالمی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کر رہی ہے۔ملاقات کے دوران چینی صدر نے ایران سے متعلق جاری کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فوری اور جامع جنگ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوبارہ جنگ یا فوجی کارروائی صورتحال کو مزید خطرناک بنا سکتی ہے، جبکہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہے۔

دوسری جانب روسی صدر پیوٹن اور چینی قیادت کے درمیان توانائی تعاون، اسلحہ معاہدوں اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور یوکرین کی جنگوں کے باعث روس اور چین کے تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، جبکہ دونوں ممالک عالمی سطح پر امریکا کے اثر و رسوخ کے مقابلے میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں۔