قومی اسمبلی نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر متفقہ قرارداد منظور کر لی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا، جس میں چینی وفد کی مہمانوں کی گیلری میں آمد پر ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر اسپیکر اور خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے بھی چینی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ایوان میں پیش کی گئی قرارداد وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیش کی، جس میں کہا گیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی اور مضبوط ہیں، جبکہ سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو سراہا گیا۔ قرارداد میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ آئندہ 75 سال میں دونوں ممالک کی دوستی مزید مستحکم ہوگی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود چینی وفد کے احترام میں اپوزیشن نے بائیکاٹ ختم کیا اور ایوان میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے احسانات کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔چینی وفد کے اعزاز میں ایجنڈا مکمل ہونے کے بعد اپوزیشن ایوان سے واک آؤٹ کر گئی، تاہم دورانِ اجلاس نعرے بازی سے گریز کیا گیا۔ چینی وفد نے ایوان کی جانب سے دی گئی عزت و احترام پر مسرت کا اظہار کیا۔