سینیٹ نے ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ بھرپور انداز میں منانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر دی

سینیٹ نے ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ بھرپور انداز میں منانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر دی

ویب ڈیسک: سینیٹ میں اہم قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں، جن میں ولادت النبی ﷺ کے 1500 سال مکمل ہونے اور یوم آزادی کی مناسبت سے قراردادیں شامل تھیں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے ولادت النبی ﷺ کے 1500 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے قرارداد پیش کی، جس میں کہا گیا کہ ملک بھر میں اس سال جشن عید میلاد النبی ﷺ بھرپور انداز میں منایا جائے۔ یہ قرارداد سینیٹ میں متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے یوم آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے ایک قرارداد پیش کی، جو بھی متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

اجلاس کے دوران اراکین کی غیر حاضری واضح رہی اور متعدد اہم سوالات پر ضمنی سوالات نہیں کیے جا سکے۔ ذرائع کے مطابق 99 فیصد سوالات پر ضمنی سوالات نہیں کیے جا سکے، جبکہ صرف ایک سوال پر ضمنی سوالات 10 منٹ میں مکمل ہوئے۔چیئرمین سینیٹ نے اراکین کی غیر حاضری پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ وزرا ایوان میں موجود ہیں مگر اراکین کی کمی کے باعث وقفہ سوالات مکمل نہیں ہو سکا، جو ایوان کی کارروائی کے لیے باعث تشویش ہے۔