بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی اسپتال میں داخلے سے متعلق خبروں نے مداحوں میں تشویش پیدا کر دی، تاہم قریبی ذرائع نے ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
ابتدائی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 83 سالہ اداکار کو ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں پیٹ کے مسائل کے باعث داخل کیا گیا ہے، جبکہ ان کے بیٹے ابھیشیک بچن کے بھی اسپتال آنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔بعد ازاں قریبی ذرائع نے واضح کیا کہ امیتابھ بچن کو اسپتال میں داخل نہیں کیا گیا تھا بلکہ وہ معمول کے طبی معائنے کے لیے اسپتال گئے تھے اور اسی روز واپس گھر لوٹ آئے۔ذرائع کے مطابق اداکار ہر ماہ باقاعدگی سے چیک اپ کے لیے اسپتال جاتے ہیں اور اس بار بھی وہ معمول کے معائنے کے بعد گھر واپس آگئے۔ ایک اور ذریعے نے بھی ان کی صحت سے متعلق خبروں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
یہ افواہیں اس لیے بھی زیادہ پھیلیں کیونکہ امیتابھ بچن ماضی میں فلم ’’قلی‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک سنگین حادثے کے بعد سے صحت کے مسائل کا سامنا کرتے رہے ہیں۔مزید یہ کہ مداحوں نے انہیں اتوار کے روز ان کی رہائش گاہ ’’جلسہ‘‘ کے باہر روایتی ملاقات کے دوران بھی دیکھا، جہاں انہوں نے مداحوں سے ملاقات کی اور بعد میں اس حوالے سے تصاویر اور خیالات اپنے بلاگ پر بھی شیئر کیے۔