بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی ایک پراسرار بلاگ پوسٹ نے مداحوں میں ان کی صحت سے متعلق تشویش پیدا کر دی ہے۔
83 سالہ اداکار، جو اپنے ذاتی بلاگ پر اکثر زندگی کے تجربات اور خیالات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں، نے حالیہ تحریر میں اسپتال، سرجری اور آئی سی یو کا ذکر کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔امیتابھ بچن نے اپنی پوسٹ میں لکھا، "ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملے کی نگرانی میں اسپتال میں سرجری، پھر آئی سی یو میں، اس کے بعد ڈسچارج اور گھر واپسی۔"انہوں نے مزید لکھا کہ اسپتال سے گھر واپسی کا مرحلہ زندگی کے مشکل ترین ادوار میں سے ایک ہوتا ہے، جو انسان کو جسمانی، ذہنی اور عملی طور پر متاثر کرتا ہے۔اداکار کے مطابق، "ایک دن آپ فاتح ہوتے ہیں اور اگلے ہی لمحے شکست آپ کے سامنے کھڑی ہوتی ہے۔
کچھ لوگ ہمت سے اس کا مقابلہ کرتے ہیں، جبکہ کچھ ماضی کی کامیابیوں کے ساتھ سمجھوتہ کر لیتے ہیں۔ ہر شخص کا اپنا انتخاب ہوتا ہے، اور دونوں میں کوئی برائی نہیں۔ خوش رہیں، صحت مند رہیں۔"امیتابھ بچن کی اس پوسٹ کے وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، تاہم اداکار یا ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے تاحال ان کی صحت یا کسی ممکنہ سرجری کے بارے میں کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔