بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اہلیہ جیا بچن کو تقریبات میں وقت پر پہنچانے کے لیے اپنائے گئے دلچسپ طریقے سے پردہ اٹھا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی آنے والی قسط میں ایک امیدوار نے امیتابھ بچن سے سوال کیا کہ کیا انہیں کبھی جیا بچن کے تیار ہونے کا انتظار کرنا پڑا؟امیتابھ بچن نے سوال کو دلچسپ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اگر کسی شادی میں بارات شام 6 بجے آنی ہو تو وہ جیا کو بتاتے ہیں کہ بارات 5 بجے آئے گی۔ ان کے مطابق اس طرح جیا ساڑھے 3 یا 4 بجے سے ہی تیار ہونا شروع کردیتی ہیں اور دونوں وقت پر تقریب میں پہنچ جاتے ہیں۔اداکار نے بتایا کہ کسی بھی تقریب میں جانے کی صورت میں وہ جیا کو اصل وقت سے تقریباً ایک گھنٹہ پہلے کا وقت بتاتے ہیں تاکہ وہ بروقت تیار ہوجائیں۔یہ پہلا موقع نہیں جب امیتابھ بچن نے پروگرام میں اپنی اہلیہ کے حوالے سے دلچسپ گفتگو کی ہو۔ ایک سابق قسط میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا جیا بچن ان کے دیر سے گھر آنے پر ناراض ہوتی ہیں؟
امیتابھ بچن نے بتایا تھا کہ اگر شوٹنگ دیر تک جاری رہنے والی ہو تو وہ پہلے ہی گھر والوں کو آگاہ کردیتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ فیملی گروپ میں پیغام بھیج کر بتا دیتے ہیں کہ انہیں دیر ہوگی اور گھر والے کھانے کے لیے ان کا انتظار نہ کریں۔اداکار کے مطابق ایسے دنوں میں جیا بچن ان کا انتظار کیے بغیر کھانا کھا کر سو جاتی ہیں، تاہم اگر وہ اطلاع دینا بھول جائیں تو جیا ضرور پوچھتی ہیں کہ وہ کہاں تھے اور پہلے کیوں نہیں بتایا۔واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور جیا بچن کی پہلی ملاقات 1971 میں فلم ’گڈی‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی، جبکہ دونوں نے 1973 میں شادی کی تھی۔