امیتابھ بچن کی صحت سے متعلق خبر، مداحوں میں تشویش کی لہر

امیتابھ بچن کی صحت سے متعلق خبر، مداحوں میں تشویش کی لہر

ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے ہاتھ میں تکلیف کے باعث مداحوں اور خیر خواہوں کے خطوط کا جواب دینے میں تاخیر پر معذرت کرلی، جس کے بعد ان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی خبروں پر بھی مداحوں کی توجہ بڑھ گئی ہے۔

امیتابھ بچن حال ہی میں اپنے مقبول ٹی وی شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘‘ کی شوٹنگ میں شریک نہیں ہوئے تھے، جس کے بعد مداحوں میں ان کی صحت کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی تھی۔ تاہم اداکار نے اپنے تازہ بلاگ میں ہاتھ میں تکلیف کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اسی وجہ سے انہیں خطوط لکھنے اور ان کے جواب دینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مداحوں کے پیغامات اور تحائف پر اظہارِ تشکر
امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں بتایا کہ انہیں مداحوں کی جانب سے بڑی تعداد میں مبارک باد کے پیغامات اور تحائف موصول ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق تحائف کی تعداد اتنی زیادہ ہوگئی ہے کہ اب انہیں محفوظ رکھنے کے لیے جگہ کی کمی کا سامنا ہے۔اداکار کا کہنا تھا کہ مداحوں کی محبت سے بھیجے گئے تحائف کو مناسب طریقے سے محفوظ نہ رکھنا ان کے جذبات اور خلوص کی ناقدری کے مترادف ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہر مداح کے خط کا ذاتی طور پر جواب دینے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم ہاتھ میں تکلیف کے باعث لکھنے کا عمل مشکل ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے جوابی خطوط میں تاخیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس تاخیر پر اپنے مداحوں سے معذرت بھی کی۔

معافی مانگنے میں کوئی حرج نہیں، امیتابھ بچن
اپنے بلاگ میں امیتابھ بچن نے معافی مانگنے کی اہمیت پر بھی اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنی غلطی یا احساسات کے اظہار کے لیے معافی طلب کرنے سے ہچکچانا نہیں چاہیے، چاہے دوسرا شخص اس معافی کو قبول کرے یا مسترد کردے۔اداکار کے مطابق اگر کوئی شخص معافی کو سمجھتے ہوئے قبول کرلے تو یہ خوشی کی بات ہے، لیکن اگر وہ ایسا نہ کرے تو کم از کم معافی مانگنے والے نے اپنے دل کی بات کہہ دی ہوتی ہے۔

سکون یا رنجش، انتخاب انسان کے ہاتھ میں ہے
امیتابھ بچن نے مزید لکھا کہ اصل سوال یہ ہے کہ انسان خوشی اور ذہنی اطمینان کا انتخاب کرتا ہے یا اپنے دل میں رنجش برقرار رکھتا ہے۔ ان کے مطابق ایک راستہ سکون اور اطمینان کی طرف لے جاتا ہے، جبکہ دوسرا راستہ دل میں مسلسل تکلیف اور چبھن باقی رکھتا ہے۔