یورپی فٹبال تنظیم یوئیفانے چیک ویمنز فٹبال کوچ پیٹر ولاخوفسکی پر خواتین کھلاڑیوں کی خفیہ ویڈیوز بنانے کے سنگین الزامات پر تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق کوچ پر الزام ہے کہ انہوں نے کئی برسوں تک ڈریسنگ رومز اور شاورز میں خفیہ طور پر کھلاڑیوں کی ویڈیوز ریکارڈ کیں، جن میں کم عمر کھلاڑی بھی شامل تھیں۔پیٹر ولاخوفسکی اس سے قبل مختلف کلبوں اور چیک انڈر 19 ویمنز ٹیم کے ساتھ بھی بطور کوچ خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 2025 میں انہیں مقامی عدالت کی جانب سے ایک سال معطلی اور پانچ سالہ کوچنگ پابندی کی سزا بھی دی گئی تھی، تاہم یوئیفا کی مزید تحقیقات کے بعد اب ان پر فٹبال کی ہر قسم کی سرگرمیوں میں تاحیات پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یوئیفا نے عالمی فٹبال تنظیم فیفا سے بھی درخواست کی ہے کہ اس پابندی کو بین الاقوامی سطح پر نافذ کیا جائے، جبکہ چیک فٹبال ایسوسی ایشن سے ان کا کوچنگ لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔خواتین فٹبالرز کی عالمی تنظیم نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام واضح پیغام دیتا ہے کہ خواتین کھلاڑیوں کے خلاف ہراسانی اور بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔