پاکستان فٹبال کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل طے ہوا ہے کیونکہ پاکستان پہلی بار یوئیفا فٹبال ڈیولپمنٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لے گا۔
اس کا اعلان صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی نے کیا۔محسن گیلانی نے کہا کہ یہ پاکستان فٹبال کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے عالمی معیار سیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔ پاکستان کی انڈر 16 ٹیم اپریل میں یوئیفا ڈیولپمنٹ ٹورنامنٹ میں ایکشن میں دکھائی دے گی۔ٹورنامنٹ میں میزبان قازقستان کے علاوہ روس اور آذربائیجان کی ٹیمیں پاکستان کے مد مقابل ہوں گی۔ یہ ٹورنامنٹ 24 سے 30 اپریل تک قازقستان میں منعقد ہوگا اور پاکستان فٹبال کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور یوتھ ڈیولپمنٹ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔صدر پی ایف ایف نے زور دیا کہ یوتھ ڈیولپمنٹ پاکستان فٹبال کی اولین ترجیح ہے اور اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح کا تجربہ حاصل ہوگا۔