اسپین کے خلاف متنازع نعرے بازی، انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن پر یوئیفا کا جرمانہ

اسپین کے خلاف متنازع نعرے بازی، انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن پر یوئیفا کا جرمانہ

یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے اسپین کے خلاف نیشنز لیگ میچ کے دوران انگلینڈ کے شائقین کی جانب سے کیتھولک اور آئرش مخالف نعرے بازی پر انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کو سزا سنا دی۔

 یوئیفا نے ایسوسی ایشن پر 15 ہزار یورو جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ مہمان شائقین پر ایک میچ کی معطل پابندی بھی لگادی ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے شائقین کی جانب سے میچ کے دوران مذہبی، نسل پرستانہ اور امتیازی نوعیت کے نعرے لگائے گئے تھے۔ ان نعروں کو کیتھولک اور آئرش مخالف قرار دیا گیا، جس پر یوئیفا نے اپنے ضابطہ اخلاق کے تحت کارروائی کی۔انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کے ترجمان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا ناقابل قبول اور توہین آمیز رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن پولیس کے تعاون سے نعرے بازی میں ملوث افراد کی شناخت کرے گی اور ان کے خلاف ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یوئیفا کے فیصلے کے مطابق انگلینڈ کے شائقین پر ایک میچ کے لیے مہمان تماشائیوں کی اسٹیڈیم آمد کی پابندی معطل رکھی گئی ہے۔ تاہم آئندہ دو برس کے دوران دوبارہ ایسی خلاف ورزی ہونے کی صورت میں یہ پابندی نافذ ہوجائے گی، جس کے بعد انگلینڈ کے شائقین متعلقہ میچ میں مہمان ٹیم کے طور پر اسٹیڈیم میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔واضح رہے کہ انگلینڈ نے مذکورہ نیشنز لیگ میچ میں اسپین کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی تھی۔ اس کامیابی کے نتیجے میں اسپین کی مسلسل 43 میچوں سے ناقابل شکست رہنے کی مہم ختم ہوگئی تھی، جبکہ انگلینڈ نے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔