پختونخوا کے کئی علاقوں میں طوفان باد و باراں ،12افراد زخمی

شانگلہ میں متعدد گھروں، سکولوں کی چھتیں اڑ گئیں،سوات میں بھی بجلی معطل 
اسلام آباد،پشاور ،شانگلہ،استور (خصوصی رپور ٹ ) خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ،سوات، شانگلہ میں شدید طوفان اور بارش سے تباہی، متعددرہائشی گھروں، سکولوں کی چھتیں اڑ گئیں،12افراد زخمی، مین ٹرانسمیشن لائن سمیت کھمبے ٹوٹنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ، گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی،چند روز میں پنجاب میں بھی بارش کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوگیا جس کے نتیجہ میں گزشتہ روز شانگلہ کی تحصیل چکیسر، تحصیل الپوری، تحصیل کانا اور دیگر مضافاتی علاقوں میں رات گئے اچانک تیز آندھی کے ساتھ شدید بارش نے دیکھتے ہی دیکھتے طوفانی صورتحال اختیار کر لی، متعدد مکانات کی چھتیں اڑ گئیں جبکہ کئی گھروں کو نقصان پہنچا۔ ضلع بھر میں متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم سوات کے مرکزی شہر مینگورہ سمیت گردونواح میں شدید آندھی اور طوفان کے باعث مختلف مقامات پر دیواریں اور مکانات کی چھتیں گر گئیں جس کے نتیجے میں 12افراد زخمی ہوگئے ،بیشتر علاقوں میں بجلی کی لائنیں متاثر ہونے سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔محکمہ موسمیات نیمختلف علاقوں میں 23 مئی تک مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال اپر و لوئر، سوات، دیر اپر، کوہستان اپر اور مانسہرہ سمیت بالائی اضلاع میں موجود گلیشیائی جھلیوں کے پھٹنے سے فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیاہے۔ گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بھی لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ آزادجموں و کشمیر ،پنجاب میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور اور گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں بھی چند روز کے دوران آندھی اور بارش کا امکان ہے، چند مقامات پر ڑالہ باری بھی متوقع ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز گرمی کی شدت برقرار رہی اور شہر کا درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ ماہرین موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مغربی ہواؤ ں کے اثرات کے باعث آئندہ چند روز کے دوران موسم میں تبدیلی متوقع ہے ۔