بابوسر ٹاپ پر کلائوڈ برسٹ سے تباہی،سیلابی ریلوں میں سیاحوں کی 10سے15 گاڑیاں بہہ گئیں، 3 لاشیں نکال لی گئیں ، 4 سیاحوں کو بچا لیا گیا ،30 سے 40 لاپتہ
مالم جبہ میں دو بچے سیلابی ریلے میں بہہ گئے، مدین میں گھر تودے تلے آ گیا، 3 بچے دب کر جاں بحق‘ بھارت نے دریائے پونچھ پر ڈیم کا سپل وے کھول دیا
راولپنڈی (آئی این پی )راولپنڈی میں شدید مون سون بارش کے دوران نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں باپ بیٹی کار سمیت برساتی نالے میں بہہ گئے۔ منگل کو راولپنڈی میں شدید بارش ہوئی جہاں نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے فیز 5 میں کار میں سوار باپ بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے، گاڑی سمیت نالے میں بہہ جانے والے باپ بیٹی مدد کے لیے پکارتے رہے۔کار سوار افراد نے برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی کوشش کی لیکن پانی کابہا ئوتیز ہونے کی وجہ سے دونوں افراد کار سمیت پانی میں بہہ گئے۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ برساتی نالے میں بہہ جانے والے کار سوار شخص کی شناخت ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی کے نام سے ہوئی جو اپنی 25 سالہ بیٹی کے ہمرا کار میں سوار تھے۔۔ادھر راولپنڈی اسلام آباد میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ دوسری جانب بھارت کی جانب سے چار لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے کی ممکنہ دھمکی کے بعد منگلا ڈیم انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات مکمل کر لیے ۔ ضلعی انتظامیہ نے ایمرجنسی نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ مساجد کے ذریعے عوام کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے اعلانات بھی کروا دئیے گئے ۔‘ شاہدہ اسلام میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور ٹیچنگ اسپتال، لودھراں کے مالک چوہدری اسلام اور انکا پورا خاندان گلگت اسکردو جاتے ہوئے چلاس کے قریب سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ ان کے قافلے میں کالج کی کوسٹر اور تین گاڑیوں پر انکے دو بیٹے، بیٹوں کی بیویاں، دو بیٹیاں اور انکے بچوں سمیت 22 افراد شامل تھے۔ابتک 2 اموات کی تصدیق ہوسکی ہے، جن میںفہد اسلام، ڈاکٹر مشعل سعد زوجہ سعد اسلام شامل ہیں جبکہ سعد اسلام کا بیٹا سیلابی ریلے میں بہہ کر لاپتا ہوگیا ہے۔۔گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں سے 3 افراد زخمی ہوئے، جبکہ یہاں 71 مکانات جزوی طور پر اور 66 مکانات مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔آزاد کشمیر میں بارشوں کے سبب 1 شخص کی جان گئی اور 6 افراد زخمی ہوئے، یہاں 75 مکانات جزوی طور پر اور 17 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے۔اسلام آباد میں بھی بارشوں کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق ہوا، جبکہ 35 مکانات جزوی طور پر اور ایک مکان مکمل طور پر منہدم ہوا۔این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد کی جان گئی جس میں 3 بچے بھی شامل ہیں‘ چلاس کے علاقے شاہراہ تھک بابوسر میں سیلابی ریلوں میں سیاحوں کی 10سے15 گاڑیاں بہہ گئیں،جن میں کوسٹرز بھی شامل ہی ۔ریسکیو آپریشن میں 3 نعشیں نکال لی گئی ہیں اور 4 سیاحوں کو بچا لیا گیا ہے جبکہ 30 سے 40 سیاح لاپتہ ہیں۔ مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے درجنوں سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیابھارت نے دریائے پونچھ پر بنے ڈیم کا اسپل وے کھول دیا، دریا میں اونچے درجے کے سیلاب سے آزاد کشمیر میں مختلف علاقے زیرآب آنے کا خطرہ ہے