نیشنل سیکیورٹی اینڈ اسٹریٹجک لیڈر شپ ورکشاپ 2026 کے تحت ڈی جی آئی ایس پی آر نے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، ڈینز اور سینئر اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کی۔
ورکشاپ میں ملک بھر کی 200 سے زائد جامعات کے وائس چانسلرز، رجسٹرارز اور اساتذہ نے شرکت کی، جبکہ لاہور، کراچی، پشاور، مظفرآباد، ملتان اور کوئٹہ سے شرکاء آن لائن بھی شریک ہوئے۔راولپنڈی میں منعقدہ اس نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملک کی داخلی صورتحال، قومی سلامتی اور سیکیورٹی سے متعلق اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی۔شرکاء نے اپنے تاثرات میں کہا کہ پاک فوج نے ملک کے دفاع، استحکام اور سلامتی کے لیے قابلِ فخر کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق “معرکہ حق” میں پاکستان کو پاک افواج کی وجہ سے اہم کامیابی حاصل ہوئی۔مزید کہا گیا کہ طلبہ کو منفی پروپیگنڈا سے بچانے اور درست معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے بھی رہنمائی دی گئی ہے۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ اکیڈیمیا کو قومی سلامتی، انفارمیشن وارفیئر اور موجودہ چیلنجز کے حوالے سے واضح آگاہی حاصل ہوئی ہے، جبکہ افواجِ پاکستان اور تعلیمی اداروں کے درمیان رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ورکشاپ کے شرکاء نے آئی ایس پی آر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلرز اور اکیڈیمیا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ایک مثبت پیش رفت ہے۔