ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا۔
اس دوران انہوں نے طلبا اور اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جس میں طلبا و اساتذہ نے ان کا بھرپور خیرمقدم کیا۔نشست کے دوران، ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملکی دفاع، پاک فوج کے پیشہ وارانہ کردار اور داخلی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری پروپیگنڈا اور اصل حقائق سے طلبا کو آگاہ کیا۔ وائس چانسلر نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے حوالے سے ان کا بیان کہ "ہمارا جواب دنیا دیکھے گی" درست تھا، اور مسلح افواج نے صرف بھارت کو نہیں بلکہ اس کی ٹیکنالوجی کو بھی شکست دی ہے۔طلبا اور اساتذہ نے اس نشست کو بہت مثبت قرار دیا، کیونکہ اس سے ان کے کئی ابہام دور ہوئے اور انہوں نے پاک فوج کے کردار اور پیشہ وارانہ خدمات کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
طلبا نے زور دیا کہ ہم سب پاکستانی ہیں، چاہے ہم پنجابی، پٹھان، سندھی یا بلوچی ہوں، اور پاک فوج ہمارے ساتھ ہے۔ انہوں نے فوج کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کیا اور سلام پیش کیا۔اس نشست میں ملک کے مختلف اضلاع اور تحصیلوں سے طلبا نے شرکت کی اور انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے سوالات کے مدلل جواب دیے، جس سے طلبا کے اعتماد اور معلومات میں اضافہ ہوا۔ اس ملاقات نے طلبا میں ملکی دفاع کے حوالے سے شعور اور وابستگی کو مضبوط کیا۔