سرکاری نرخ نامہ نظرانداز، سبزیوں کی من مانے داموں پر فروخت جاری

سرکاری نرخ نامہ نظرانداز، سبزیوں کی من مانے داموں پر فروخت جاری

لاہور میں اوپن مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتوں پر سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد نہ ہو سکا، جس کے باعث مختلف سبزیاں من مانے اور زائد داموں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔

شہریوں نے بڑھتی ہوئی قیمتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق پیاز کی سرکاری قیمت 60 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 80 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح ادرک کی قیمت 320 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جس سے روزمرہ استعمال کی اشیاء بھی عام شہری کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ٹماٹر کی قیمت بھی مختلف مارکیٹوں میں 50 سے 70 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہو رہی ہے، جبکہ دیسی لہسن جو سرکاری طور پر 130 روپے فی کلو مقرر ہے، اوپن مارکیٹ میں 200 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔چائنہ لہسن کی سرکاری قیمت 470 روپے فی کلو ہے، لیکن بازار میں اس کی قیمت 550 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ نرخ نامے پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔

اسی طرح دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں بیگن 100 روپے فی کلو، ٹینڈے 120 روپے فی کلو اور بھنڈی 130 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ ان کی سرکاری قیمتیں اس سے کافی کم مقرر ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں قیمتوں پر کوئی کنٹرول نظر نہیں آ رہا اور دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ عوام نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔