دکاندار سرکاری نرخ نامے کے برعکس من مانے داموں پر سبزیاں فروخت کرنے لگے

دکاندار سرکاری نرخ نامے کے برعکس من مانے داموں پر سبزیاں فروخت کرنے لگے

سرکاری نرخ نامے اور اوپن مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں فرق سامنے آ گیا، جہاں دکاندار مختلف سبزیاں مقررہ سرکاری نرخ سے 20 سے 70 روپے تک زائد میں فروخت کر رہے ہیں۔

نیا کچا آلو درجہ اول کا سرکاری نرخ 30 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 50 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز کی سرکاری قیمت 175 روپے کے مقابلے میں 220 روپے فی کلو وصول کی جا رہی ہے۔ٹماٹر کا سرکاری نرخ 150 روپے فی کلو ہے، لیکن اوپن مارکیٹ میں 220 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح کریلا 205 کے بجائے 230 روپے، شملہ مرچ 260 کے بجائے 300 روپے جبکہ سبز مرچ 130 کے بجائے 170 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔بند گوبھی کی سرکاری قیمت 150 روپے کے مقابلے میں 160 روپے، جبکہ پھول گوبھی 160 روپے کے بجائے 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامہ جاری ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں سبزیاں مقررہ قیمتوں سے زائد پر فروخت کی جا رہی ہیں، جس کے باعث انہیں اضافی رقم ادا کرنا پڑ رہی ہے۔