اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخ نامے نظرانداز، پھل اور سبزیوں کی من مانے داموں فروخت

اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخ نامے نظرانداز، پھل اور سبزیوں کی من مانے داموں فروخت

لاہور: اوپن مارکیٹ میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں سرکاری نرخ نامے کے باوجود کمی نہ آ سکی، دکانداروں کی جانب سے متعدد اشیائے خورونوش سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہری مہنگائی سے پریشان ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر کی اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخوں اور دکانوں پر وصول کی جانے والی قیمتوں میں واضح فرق سامنے آ گیا ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں قیمتیں کم مقرر ہونے کے باوجود دکاندار صارفین سے اضافی رقم وصول کر رہے ہیں، جبکہ عام شہری روزمرہ استعمال کی اشیا مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔سبزیوں کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے تو میتھی سرکاری نرخ 100 روپے فی کلو کے بجائے 150 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ گھیا توری 114 روپے کے بجائے 150 روپے، ٹماٹر 205 روپے کے بجائے 300 روپے، لہسن چائنہ 440 روپے کے بجائے 500 روپے جبکہ ادرک 350 روپے کے بجائے 400 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔اسی طرح آلو کی سرکاری قیمت 50 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 80 روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔ شملہ مرچ 220 روپے کے بجائے 250 روپے جبکہ مٹر 330 روپے کے بجائے 440 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔

پھلوں کی قیمتوں میں بھی سرکاری نرخوں اور مارکیٹ ریٹ کے درمیان نمایاں فرق برقرار ہے۔ پپیتا 280 روپے فی کلو کے بجائے 350 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ درجہ اول کے کیلے کی سرکاری قیمت 155 روپے فی درجن ہونے کے باوجود شہریوں کو 180 روپے میں خریدنا پڑ رہے ہیں۔ مسمی بھی 165 روپے کے بجائے 200 روپے فی درجن فروخت ہو رہی ہے۔مزید برآں قندھاری انار کی سرکاری قیمت 620 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم بازار میں یہ 700 روپے میں دستیاب ہے۔ انگور 310 روپے کے بجائے 400 روپے فی کلو جبکہ شکر قندی 90 روپے کے بجائے 110 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔

سرکاری نرخ نامے اور عملی مارکیٹ قیمتوں میں فرق کے باعث شہریوں کا گھریلو بجٹ متاثر ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ریٹ لسٹ صرف دکانوں پر آویزاں کرنے تک محدود دکھائی دیتی ہے، جبکہ اس پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات نظر نہیں آتے۔