عیدالاضحیٰ سے قبل لاہور میں اوور چارجنگ اور اوور لوڈنگ کے خلاف کریک ڈاؤن تیز

عیدالاضحیٰ سے قبل لاہور میں اوور چارجنگ اور اوور لوڈنگ کے خلاف کریک ڈاؤن تیز

لاہور میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹریفک پولیس نے اوور چارجنگ اور اوور لوڈنگ کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہریوں، خصوصاً پردیسی مسافروں کو اضافی کرایہ اور غیر قانونی سہولیات سے بچایا جا سکے۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام سرکل افسران ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اجلاس کریں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عید کے دوران مقررہ کرایہ ناموں پر مکمل عملدرآمد ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔حکام کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ میں مقررہ تعداد سے زیادہ مسافر بٹھانے والوں کے خلاف بھی فوری کارروائی ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام بسوں اور ویگنوں کی فرنٹ اسکرین پر کرایہ نامہ آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ مسافروں کو واضح طور پر کرایہ کی معلومات حاصل ہوں اور کسی قسم کی دھوکہ دہی نہ ہو۔

ٹریفک پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اوور چارجنگ اور اوور لوڈنگ میں ملوث گاڑیوں کو نہ صرف جرمانے کیے جائیں گے بلکہ انہیں تھانوں میں بند کر کے قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

اس مقصد کے لیے شہر کے مختلف اہم مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں، جن میں لاری اڈا، بابو صابو، نیازی چوک، ٹھوکر نیاز بیگ، شاہدرہ چوک اور بیگم کوٹ چوک شامل ہیں۔ ان ٹیموں کا کام عید کے دوران ٹرانسپورٹ نظام کی کڑی نگرانی اور فوری کارروائی کرنا ہوگا۔