بھارتی پنجاب میں مبینہ اغوا کے بعد پنجابی گلوکارہ کی لاش برآمد، پولیس تحقیقات جاری

بھارتی پنجاب میں مبینہ اغوا کے بعد پنجابی گلوکارہ کی لاش برآمد، پولیس تحقیقات جاری

بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں چھ روز قبل مبینہ طور پر اغوا ہونے والی پنجابی گلوکارہ اندر کور کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق گلوکارہ کی لاش نہر نیلون سے ملی، جس کی شناخت بعد ازاں اہلِ خانہ نے کی۔ لاش کو ضروری کارروائی کے لیے سمرالا سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔متاثرہ گلوکارہ کے بھائی جوتندر سنگھ نے پولیس میں درج کرائی گئی شکایت میں بتایا کہ اندر کور 13 مئی کی رات تقریباً ساڑھے 8 بجے گھر سے فورڈ فیگو گاڑی میں سامان خریدنے کے لیے نکلی تھیں، لیکن اس کے بعد واپس نہیں آئیں۔اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بھلور کے رہائشی سکھوندر سنگھ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر گلوکارہ کو مبینہ طور پر اغوا کیا۔ خاندان کے مطابق ملزم اندر کور سے شادی کا خواہش مند تھا، تاہم انکار کے بعد اس نے مبینہ طور پر رنجش رکھ لی تھی۔

مزید الزام میں کہا گیا ہے کہ سکھوندر سنگھ کینیڈا سے پنجاب آیا، اسلحے کے زور پر اغوا کیا، بعد ازاں قتل کیا اور لاش نہر میں پھینک کر دوبارہ کینیڈا فرار ہوگیا۔اہلِ خانہ نے پولیس کی کارروائی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ 15 مئی کو مقدمہ درج ہونے کے باوجود بروقت اقدامات نہیں کیے گئے۔ دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق جمال پور تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔