کراچی: جناح ہسپتال سے لیبارٹری ٹیکنیشن کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق متوفی ٹیکنیشن شاہد کی لاش ہسپتال کے کوارٹر سے ملی، جو بظاہر 3 سے 4 روز پرانی معلوم ہوتی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق لاش کی حالت دیکھتے ہوئے ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ شاہد کی موت نشے کی زیادتی کے باعث ہوئی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کے بعد ہی ہوسکے گا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے پوسٹ مارٹم کی غرض سے منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد موت کی اصل وجہ واضح ہوسکے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ اگر تحقیقات میں کسی مجرمانہ عمل کے شواہد سامنے آئے تو اس حوالے سے مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔