بھارتی اداکارہ کرشی تھاپندا کے فلیٹ سے تاجر کی لاش برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

بھارتی اداکارہ کرشی تھاپندا کے فلیٹ سے تاجر کی لاش برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

بھارتی اداکارہ، ماڈل اور سابق بگ باس کناڈا کی کانٹیسٹنٹ کرشی تھاپندا کے بنگلورو میں واقع فلیٹ سے ایک 45 سالہ تاجر کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق متوفی کی شناخت ویشاک کے نام سے ہوئی ہے، جو اداکارہ کا قریبی دوست بتایا جاتا ہے۔ اس کی لاش 24 جون کی رات بنگلورو کے علاقے راج راجیشوری نگر میں واقع کرشی تھاپندا کے اپارٹمنٹ سے ملی۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ویشاک ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار تھا اور وہ اکثر اداکارہ کے فلیٹ آیا جایا کرتا تھا۔ واقعے کے وقت اپارٹمنٹ میں وہ اکیلا موجود تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے کچھ دیر قبل ویشاک نے کرشی تھاپندا کو فون کر کے مبینہ طور پر اپنی زندگی ختم کرنے کے ارادے سے آگاہ کیا تھا۔ اداکارہ نے فوری طور پر اس کے اہلِ خانہ کو اطلاع دی، تاہم جب تک وہ اپارٹمنٹ پہنچے، ویشاک جان کی بازی ہار چکا تھا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے کوئی خودکشی نوٹ یا ویڈیو پیغام برآمد نہیں ہوا، جس کے باعث واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ویشاک کے والد کی شکایت پر پولیس نے غیر فطری موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفتیشی حکام شواہد اکٹھے کر رہے ہیں اور فرانزک و پوسٹ مارٹم رپورٹس کی روشنی میں واقعے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔