بلوچستان سے اندرونِ ملک ٹرین سروس 2 روز معطلی کے بعد بحال کر دی گئی ہے، جبکہ جعفر ایکسپریس اپنی طے شدہ شیڈول کے مطابق دوبارہ چلنا شروع ہو گئی ہے۔
محکمہ ریلوے کے مطابق ناگزیر وجوہات کے باعث 18 اور 19 مئی کو بلوچستان سے اندرون ملک جانے والی ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کی گئی تھی۔ اس دوران کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو دو روز کے لیے منسوخ کیا گیا، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی سروس کو جیکب آباد تک محدود رکھا گیا تھا۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اب صورتحال معمول پر آنے کے بعد ٹرین سروس مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔
بحالی کے بعد جعفر ایکسپریس آج اپنے مقررہ وقت صبح 9 بجے کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہوگی۔اسی طرح پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس بھی بدھ کی سہ پہر اپنے مقررہ وقت کے مطابق کوئٹہ پہنچے گی، جس سے بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان ریلوے رابطہ دوبارہ معمول پر آ گیا ہے۔