لاہور: پاکستان کی اندرون ملک فضائی سفری مارکیٹ میں فلائی جناح نے دیگر ملکی ایئرلائنز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) دوسرے اور ایئر بلیو تیسرے نمبر پر رہی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے 2024-25 کے اعدادوشمار کے مطابق فلائی جناح نے ایک سال کے دوران اندرون ملک 19 لاکھ 67 ہزار مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچایا، جس کے ساتھ وہ ملکی فضائی سفری مارکیٹ میں سب سے زیادہ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرنے والی ایئرلائن بن گئی۔اعدادوشمار کے مطابق پی آئی اے کے ذریعے 18 لاکھ 51 ہزار مسافروں نے اندرون ملک سفر کیا اور ایئر بلیو نے 10 لاکھ 4 ہزار مسافروں کو سفری سہولت فراہم کی۔ اسی طرح ایئر سیال کے ذریعے 8 لاکھ 13 ہزار مسافروں نے ملک کے مختلف شہروں کے درمیان فضائی سفر کیا۔
پاکستان میں 37 ایئرلائنز فضائی خدمات فراہم کر رہی ہیں
دستیاب اعدادوشمار کے مطابق اس وقت پاکستان میں مجموعی طور پر 37 ایئرلائنز فضائی خدمات فراہم کر رہی ہیں، جن میں 5 ملکی اور 32 غیر ملکی ایئرلائنز شامل ہیں۔ملکی ایئرلائنز میں فلائی جناح، پی آئی اے، ایئر بلیو، ایئر سیال اور ساؤتھ ایئر شامل ہیں، جبکہ سرین ایئر اکتوبر 2025 سے اپنی فضائی خدمات بند کر چکی ہے۔
بین الاقوامی فضائی سفر میں امارات ایئرلائنز نمایاں
دوسری جانب پاکستان سے بین الاقوامی فضائی سفر کے شعبے میں امارات ایئرلائنز سب سے زیادہ پروازیں چلانے والی غیر ملکی ایئرلائنز میں سرفہرست ہے، جو پاکستان سے ہفتہ وار 39 پروازیں آپریٹ کرتی ہے۔سعودی ایئرلائنز ہفتہ وار 30 جبکہ اتحاد ایئرلائنز 23 پروازوں کے ساتھ نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ اسی طرح قطر ایئرویز پاکستان سے ہفتہ وار 28 پروازیں چلاتی ہے۔اعدادوشمار کے مطابق امارات ایئرلائنز کراچی سے روزانہ 7 پروازیں بھی آپریٹ کرتی ہے، جس سے پاکستان کی بین الاقوامی فضائی سفری مارکیٹ میں اس کی موجودگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
پاکستان کی بین الاقوامی فضائی مارکیٹ اربوں ڈالر کی
دستیاب تخمینوں کے مطابق پاکستان سے بین الاقوامی فضائی سفر کرنے والے مسافروں کی سالانہ تعداد ڈیڑھ کروڑ سے ایک کروڑ 60 لاکھ کے درمیان ہے، جس میں امارات ایئرلائنز کا حصہ تقریباً 18 سے 20 فیصد بتایا جاتا ہے۔اعدادوشمار کے مطابق امارات ایئرلائنز پاکستان سے سالانہ تقریباً ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے فضائی ٹکٹ فروخت کرتی ہے، جبکہ کارگو کے شعبے سے حاصل ہونے والی آمدن اس کے علاوہ ہے۔اسی طرح قطر ایئرویز کی پاکستان سے سالانہ آمدن کا تخمینہ 80 سے 90 کروڑ ڈالر جبکہ سعودی ایئرلائنز کی آمدن 70 سے 75 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔
بین الاقوامی فضائی آمدن کا بڑا حصہ غیر ملکی کمپنیوں کے پاس
اعدادوشمار کے مطابق پاکستان سے بین الاقوامی فضائی ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدن کا تقریباً دو تہائی حصہ غیر ملکی ایئرلائنز حاصل کر رہی ہیں، جس کے باعث ملکی فضائی کمپنیوں کی مسابقتی صلاحیت اور مارکیٹ میں ان کے حصے کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک کو اپنی ملکی ایئرلائنز کو مضبوط بنانے اور فضائی شعبے میں مسابقت بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ بصورت دیگر بین الاقوامی فضائی سفر سے حاصل ہونے والی آمدن کا بڑا حصہ غیر ملکی ایئرلائنز کے ذریعے بیرون ملک منتقل ہوتا رہے گا۔