پولیس افسرسے تلخ کلامی تم پاکستان توڑنا چاہ رہے ہو، عوام کے نمائندے کو کیوں روک رہے ہو سہیل آفریدی

بانی  پی ٹی آئی  سے ملاقات کے لئے اڈیالہ جیل آنے والے وزیراعلی خیبر پختونخوا  کو 26 نمبر چونگی پر روک لیا گیا 
سہیل آفریدی  کا پولیس افسر سے راستہ کھولنے کا مطالبہ،  کارکنوں نے شیم شیم کے نعرے لگائے‘رکن اسمبلی گرفتار
راولپنڈی(آئی  این پی)بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے آنے والے وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو 26 نمبر چونگی پر روک لیا گیا جس پر اسلام آباد پولیس سے تلخ کلامی ہوگئی۔اسلام آباد پولیس سے تلخ جملوں کے تبادلے کے دوران وزیراعلی سہیل آفریدی نے کہا  تم پاکستان کو توڑنا چاہ رہے ہو، تم ساڑھے 4 کروڑ عوام کے نمائندے کو کیوں روک رہے ہو۔وزیراعلی نے پولیس افسر سے مطالبہ کیا  راستہ کھولو! وزیراعلی کے ساتھ پی ٹی آئی کارکنان نے شیم شیم کے نعرے لگائے۔پولیس نے 26 نمبر چونگی پر کنٹینرز لگا دیے، رکاوٹیں کھڑی ہونے سے ایئرپورٹ سے آنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹریفک بہا میں مسلسل خلل سے موٹروے پر گاڑیوں کی قطاریں لگنا شروع ہوگئیں۔بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کا وقت ختم ہوگیا، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے کوئی فیملی ممبر اڈیالہ جیل نہیں پہنچا‘اسلام آباد پولیس نے 26 نمبر چونگی سے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی انور تاج کو حراست میں لے کر کارکنوں کو پیچھے دھکیل دیا۔