سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں آج عید‘پاکستان میں کل منائی جائے گی

پاکستان‘بھارت‘بنگلہ دیش‘انڈونیشیا میں شوال کا چاند نظر نہ آیا‘کراچی میں بوہری برادری  نے  عیدمنالی
پشاور کے علاقہ سفید سنگ کے رہائشیوں نے سعودی عرب سے بھی پہلے عید منالی‘ایک دوسرے کو مبارکباد دی
اسلام آباد‘کراچی‘پشاور (آئی این پی ‘یو این پی)عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب سمیت متحدہ عرب امارات، عراق، یمن، لبنان، کویت، بحرین اور قطر میں عید آج منائی جائے گی‘پاکستان‘بھارت، بنگلادیش، ملائیشیا سمیت مشرقی ممالک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ان ممالک میں عید ہفتہ21مارچ کوہوگی‘کراچی میں بوہری برادری نے جمعرات کے روز  عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے  منائی۔عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع کراچی کے علاقے صدر کی طاہری مسجد میں منعقد ہوا، جہاں بڑی تعداد میں بوہری جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد نے نمازِ عید ادا کی۔اس کے علاوہ پان منڈی، سولجر بازار، بلوچ کالونی اور حیدری میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوئے‘ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے علاقہ سفید سنگ کے رہائشیوں نے سعودی عرب سے بھی پہلے عید منالی۔ علاقے کی مسجد میں عیدالفطر کی نماز بھی ادا کر دی گئی جہاں شہریوں نے ایک دوسرے کو مبارکبادیں بھی دیں۔