وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری گلوکارہ نصیبو لال سے ملاقات کیلئے ان کے گھر پہنچ گئیں

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری گلوکارہ نصیبو لال سے ملاقات کیلئے ان کے گھر پہنچ گئیں

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مشہور پنجابی گلوکارہ نصیبو لال سے ملاقات کے لیے ان کے گھر کا دورہ کیا۔

 اس ملاقات کے دوران، وزیر اطلاعات پنجاب نے نصیبو لال کی خیریت دریافت کی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر چیئرمین استحقاق کمیٹی سمیع اللہ خان بھی موجود تھے۔عظمیٰ بخاری نے نصیبو لال کو وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی، جس پر نصیبو لال نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور عظمیٰ بخاری کا شکریہ ادا کیا۔ گلوکارہ نے مریم نواز کے فنکاروں کے لیے فلاحی اقدامات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مریم نواز اپنے والد میاں نواز شریف کے نقش قدم پر چل رہی ہیں، جو ہمیشہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے تھے۔ نصیبو لال نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مریم نواز کی مدد فرمائے۔یاد رہے کہ نصیبو لال کو حالیہ دنوں میں ان کے شوہر کی جانب سے تشدد کا سامنا تھا، جس پر انہوں نے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ تاہم، بعد میں شوہر نے معافی مانگ لی اور نصیبو لال نے مقدمہ واپس لے لیا تھا۔