وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کو مناظرے کا کھلا چیلنج دے دیا اور پنجاب اور سندھ کی کارکردگی کا موازنہ پیش کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ میں 17 سال سے حکومت ہے، مگر وہ اپنے 17 سالہ دور میں عوامی فلاح کے صرف چند منصوبے گنوا سکتی ہیں۔ جبکہ مریم نواز کی پنجاب میں حکومت کو دو سال بھی مکمل نہیں ہوئے، لیکن ڈیڑھ سال کے دوران 90 منصوبے شروع کیے گئے، جن میں سے 50 مکمل ہو چکے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز نے عوام کو اپنے چھت اور گھر میں 90 ہزار گھر فراہم کیے، 80 ہزار سکالرشپ دی ہیں، 9,500 سے زائد کسانوں کو ٹریکٹر تقسیم کیے، اور 27 ہزار طلباء کو الیکٹرک بائیکس دی گئی ہیں۔ پنجاب میں ذہین طلباء کو جدید ترین مفت لیپ ٹاپ بھی فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ 1,000 بیڈ کے کینسر ہسپتال، مفت ادویات کی فراہمی، الیکٹرک بسیں اور کارڈیالوجی ہسپتال کے منصوبے جاری ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا، "میں آپ کے ساتھ مناظرے کے لیے بالکل تیار ہوں۔ آجائیں، پرفارمنس کا مقابلہ کریں اور قوم کے سامنے اپنی کارکردگی دکھائیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں ترقی عوام کی نظر سے اوجھل ہے، اور اگر وہاں کے حکمران پنجاب کے ساتھ موازنہ کرنا چاہتے ہیں تو شوق سے مناظرہ کریں۔وزیر اطلاعات نے کراچی کے لوگوں کی لاہور کی سڑکوں اور صفائی کی تعریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی کو زبردستی پنجاب کے سیلاب متاثرین پر مسلط کرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مریم نواز پنجاب کے سیلاب متاثرین کو 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک دینے جا رہی ہیں، جبکہ سندھ کے سیلاب متاثرین کو بی آئی ایس پی کے ذریعے 10 ہزار روپے دینے پر کوئی اعتراض نہیں۔