غزہ پر اسرائیلی بمباری سے مزید 14فلسطینی شہید:جبری انخلا ء تسلیم کرنے سے انکار

 کھونے کے لیے کچھ بھی نہیں ، اب اسرائیلی فوج کے گھر بار خالی کرنے کے احکامات کو تسلیم نہیں کریں گے،شہری،امریکا اسلحہ کی سپلائی بند کرے، امریکی رکن کانگریس کا مطالبہ 
غزہ ،واشنگٹن (آئی این پی ) اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ کے جنوبی، وسطی اور شمالی علاقوں سمیت نئے علاقوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، رات بھر کی بمباری میں14فلسطینی شہید ہوگئے۔قطری نشریاتی ادار ے کے مطابق غزہ کے متعدد رہائشیوں نے جبری انخلا ء پر عمل نہ کرنے کا فیصلہ کرتے واضح کیا ہے کہ ان کے پاس کھونے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے، اب وہ اسرائیلی فوج کے گھر بار خالی کرنے کے احکامات کو تسلیم نہیں کریں گے۔دریں اثناء امریکی کانگریس کی خاتون رکن الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ نیتن یاہو نے غزہ کو جانے والی امداد 2ہفتوں سے روک رکھی ہے، اسی کے حکم پر بمباری سے 400سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، اسرائیل کے یرغمالیوں کو خطرے میں ڈالا گیا اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اپنے قوانین کی پاسداری کرنی چاہیے اور اسرائیل کو مزید ہتھیاروں کی منتقلی کو روک دینا چاہیے۔