الشفا ہسپتال کی چھتوں سے پانی ٹپکنے لگا، مریضوں کیلئے صورتحال تشویشناک، بنیادی ضروریات کی شدید قلت پیدا ہوگئی
غزہ،تل ابیب(آئی این پی)اسرائیلی جارحانہ حملوں اور موسم کی سختی سے غزہ میں مزید 14 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ صیہونی حکومت نے ہٹ دھرمی برقراررکھتے ہوئے کینیڈین اراکین پارلیمنٹ کے وفد کو مغربی کنارے میں داخلے سے روک دیا۔۔عرب میڈیارپورٹ کے مطابق غزہ میں شدید سردی اور بارش سے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، طوفانی ہواں سے فلسطینیوں کے خیمے اکھڑ گئے، بارش کا پانی خیموں میں داخل ہونے سے بے گھر فلسطینیوں کیلئے بیٹھنا مشکل ہوگیا۔الشفا ہسپتال کی چھتوں سے پانی ٹپکنے لگا، مریضوں کیلئے صورتحال تشویشناک ہوگئی، اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث غزہ میں بنیادی ضروریات کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔حماس عہدیدار نے کہا کہ اسرائیل نے 813 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، اسرائیلی خلاف ورزیاں جنگ بندی معاہدے کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔دوسری جانب فلسطینیوں پر ڈھائے مظالم دنیا کی نظروں سے چھپانے کی اسرائیلی ہٹ دھرمی برقرار ہے، صیہونی حکومت نے کینیڈین اراکین پارلیمنٹ کے وفد کو مغربی کنارے میں داخلے سے روک دیا