دہشت گردوں کوکوئی ڈھیل نہیں دی جائیگی :راناثناء

اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے  ریاست کے خلاف کھڑے ہونیوالے دہشت گردوں کو نہ کوئی ڈھیل دی جائے گی اور نہ ہی ان سے مذاکرات ہونگے، پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں نہیں آنا تو  استعفی دے دینا چاہیے، انہیں  بالکل ملک کی فکر نہیں ان کو بس اپنے لیڈر کی فکر ہے۔ایک انٹرویو میں  رانا ثنا اللہ نے کہا کہ  قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں  عسکری اور سیاسی قیادت نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ دہشت گردی کو کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی دہشت گردوں سے کسی قسم کے مذاکرات ممکن ہیں۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بلوچستان کے زمینی حقائق اور اس کے بنیادی مسائل سے کوئی انکار نہیں لیکن ان مسائل کو جواز بنا کر دہشت گردی سے منسلک یا اس کی وجہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔ دہشت گردوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت یا مذاکرات نہیں ہونگے۔ دہشت گردی ایک جرم ہے اس کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے دوسرے مسائل حقیقی ہیں انہیں حل کرنا بھی ضروری ہے ،لاپتہ افراد کا مسئلہ حقیقی ہے اس کو حل کیا جانا چاہیے لیکن ایسے مسائل کو دہشت گردی کے ساتھ رکھ کر حل نہیں کرنا چاہیے