عاطف خان کی دھمکیوں اور بدمعاشی کوکوئی نہیں مانتا:علی امین گنڈا پور

آپ اتنے اہم نہیں جس کے پیچھے پھرتا رہوں ‘انکوائری سے بچنے کے لئے  پیش ہونا ہوگا 
 اپنا نام کلیئر کرانا ہوگا ورنہ یہ فائلیں اسی طرح پڑی رہیں گی جنہیں بعد میں کوئی اور کھول لے گا
   پشاور(آئی این پی )  وزیر اعلی خیبرپختونخوا اورپی ٹی آئی کے  صوبائی صدر علی امین گنڈا پور اور پارٹی کے مرکزی رہنما عاطف خان ایک دوسرے کے خلاف کھل کر سامنے آگئے،علی امین گنڈاپور نے عاطف خان کو مخاطب کرتے  ہوئے کہا ہے   آپ کی  دھمکیوں اور بدمعاشی سے نہ کوئی ڈرتا ہے اور نہ ہی کوئی مانتا ہے، آپ اتنے اہم فرد نہیں کہ میں جس کے پیچھے پھرتا رہوں ، انکوائری سے بچنے کے لیے آپ کو پیش ہونا ہوگا اور اپنا نام کلیئر کرانا ہوگا ورنہ یہ فائلیں اسی طرح پڑی رہیں گی جنہیں بعد میں کوئی اور کھول لے گا۔ تفصیل کے مطابق خیبرپختونخوا کے محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے نوٹس بھیجے جانے کے معاملے پر سابق صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی عاطف کے مبینہ آڈیو پیغام پر وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا آڈیو پیغام بھی سامنے آگیا، سوشل میڈیا پر جاری   آڈیو پیغام میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پی ٹی آئی رہنما عاطف خان کے الزامات کا جواب دے رہے ہیں۔وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے سابق صوبائی وزیر عاطف خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو بیانات دے رہے ہیں اور جس قسم کی باتیں کررہے ہیں وہ میں سن رہا ہوں، آپ پہلے معاملات کی تصدیق کرلیا کریں، میں اتنا فارغ بھی نہیں ہوں، میرے اوپر بڑی ذمہ داریاں ہیں جنہیں میں نبھا رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آپ حیثیت کی بات کررہے ہیں، آپ اس طرح کی باتیں نہ کریں، آپ کے منہ سے ایسی باتیں اچھی نہیں لگتیں، ہم سارے آپس میں بھائی ہیں، آپ حیثیت کے چکر میں پڑیں گے تو پھر ہمیں آپ کی حیثیت کا اچھی طرح معلوم ہے۔