آزاد مبصرین بھی 190 ملین کے میگا کرپشن سکینڈل کے حوالے سے کسی کو بری الذمہ قرار نہیں دے رہے، ملکی تاریخ کا بڑا سکینڈل ہے
عمران خان کہتے ہیں ان کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں تو زمان پارک میں 25 کروڑ کا نیا گھر کیسے بنایا گیا؟وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات
اسلام آباد (بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان ڈیل کرنا چاہتے ہیں، کرپشن پر کوئی ڈھیل نہیں ملے گی، 190 ملین پانڈ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا میگا کرپشن اسکینڈل ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد مبصرین بھی 190 ملین کے میگا کرپشن اسکینڈل کے حوالے سے کسی کو بری الذمہ نہیں قرار دے رہے، یہ ملکی تاریخی کا سب سے بڑا کرپشن اسکینڈل ہے۔عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت درست سمت کی طرف گامزن ہے، مہنگائی میں بھی بڑی حد تک کمی آئی ہے، ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف)کی رپورٹ نے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ڈیفالٹ کا خطرہ مکمل طور پر ختم ہوگیا۔وزیراطلاعات نے کہا کہ برطانیہ میں نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے وزیراعظم شہباز شریف کو بے گناہ قرار دیا تھا، اسی این سی اے نے 190 ملین پانڈ ضبط کر کے پاکستان بھیجے، اگر یہ پیسہ ضبط شدہ نہیں تھا تو ایجنسی نے اسے پاکستان کیوں بھیجا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے سوال ہے یہ اگر عوام کا اور سرکاری خزانے کا پیسہ نہیں تھا تو برطانیہ نے اسے حکومت پاکستان کے حوالے کیوں کیا؟انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی عمران خان کہتے ہیں کہ ان کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں تو زمان پارک میں 25 کروڑ کا نیا گھر کیسے بنایا گیا؟عطاتارڑ نے کہا کہ اپنے سیاسی کریئر میں کابینہ میں آج تک بند لفافہ نہیں دیکھا، کابینہ میں جو ایجنڈا آتا ہے اس پر بحث ہوتی ہے، رشوت کے ذریعے ہیرے، جواہرات خریدے گئے، قوم کے اربوں روپے کھانے والوں کو حساب دینا ہوگا