حکومت کے پاس عمران خان کیلئے نہ کوئی ڈیل ہے نہ ڈھیل:طارق فضل

 حکومت ان کے علاج  میں پہلے بھی غافل نہیں تھی ‘ آئندہ بھی کوئی غفلت نہیں برتی جائے گی
 جب تک خیبرپختونخوا میں مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کر لئے جاتے، وہاں ایمرجنسی نافذ رہے گی
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے  حکومت کے پاس عمران خان کیلئے نہ کوئی ڈیل ہے نہ ڈھیل۔پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا  کہ بانی پاکستان تحریک انصاف کی رہائی کا واحد راستہ عدالتیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو طبی معائنے کی سہولت حاصل ہے اور حکومت ان کے علاج معالجے کے معاملے میں پہلے بھی غافل نہیں تھی اور آئندہ بھی کوئی غفلت نہیں برتی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ جب تک خیبرپختونخوا میں مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کر لیے جاتے، وہاں ایمرجنسی نافذ رہے گی اور حکومت کے پاس اب ناکامی کا کوئی آپشن موجود نہیں۔طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ ریاست اور ریاستی ادارے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، تاہم اس جنگ میں تحریک انصاف کا مکمل عدم تعاون رہا۔