ٹریفک حکام نے 16 سال کی عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجراء کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت کم عمر افراد کو مخصوص شرائط کے ساتھ موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دی جائے گی۔
ٹریفک ترجمان کے مطابق یہ پرمٹ والدین کی اجازت سے جاری کیا جائے گا اور اس کے حصول کے لیے اسمارٹ کارڈ یا ب فارم لازمی ہوگا۔ پرمٹ صرف موٹر سائیکل چلانے کے لیے ہوگا اور اس کے تحت 125 سی سی تک موٹر سائیکل یا اسکوٹی چلائی جا سکے گی۔چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں میں ٹریفک قوانین سے آگاہی پیدا کرنا اور سڑکوں پر حادثات میں کمی لانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پرمٹ کے حصول کے لیے امیدواروں کو سائن اور روڈ ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا، اور کامیابی کی صورت میں موقع پر ہی ڈرائیونگ پرمٹ جاری کر دیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق اس پرمٹ کی سالانہ فیس 500 سے 1000 روپے تک مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ٹریفک حکام نے واضح کیا ہے کہ سنگین یا بار بار خلاف ورزی کی صورت میں پرمٹ منسوخ کیا جا سکتا ہے۔حکام کے مطابق یہ اقدام نوجوان ڈرائیورز کو محفوظ ڈرائیونگ کی تربیت دینے اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، تاکہ حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔