جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف درج دو منشیات مقدمات کی سماعت ہوئی، جہاں پولیس کی جانب سے حتمی چالان جمع نہ کرایا جا سکا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ گارڈن پولیس نے ملزم انمول عرف پنکی اور دیگر کے خلاف درج مقدمات میں تفتیش مکمل کر لی ہے، تاہم حتمی چالان پیش کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔ اسپیشل پراسیکیوٹر عبد الرحمن تھیم نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کے فلیٹ پر چھاپے کے دوران منشیات اور اسلحہ برآمد ہوا تھا، جبکہ اس کیس میں چار سہولت کار بھی گرفتار ہیں۔پولیس کی استدعا پر عدالت نے حتمی چالان جمع کرانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے حکم دیا کہ عاشورہ محرم کے بعد مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔اسی کیس میں شریک ملزمان کی درخواستوں پر بھی پیش رفت ہوئی، جہاں عدالت نے ملزمان ذیشان اور سہیل کی جانب سے دائر درخواستوں—مقدمے سے نام خارج کرنے اور سی ڈی آر (کال ڈیٹا ریکارڈ) حاصل کرنے—پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
پراسیکیوٹر نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ ملزمان کے نام مقدمے سے خارج نہیں کیے جا سکتے، اور یہ درخواست ریمانڈ کے مرحلے پر دائر کی جانی چاہیے تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کی ضمانت پہلے ہی سیشن عدالت سے مسترد ہو چکی ہے۔عدالت نے دونوں درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 27 جون تک ملتوی کر دی۔