چالان جمع نہ کرانے پر عدالت برہم، انمول عرف پنکی کیس کے تفتیشی افسر کیخلاف شکایت درج کرنے کی ہدایت

چالان جمع نہ کرانے پر عدالت برہم، انمول عرف پنکی کیس کے تفتیشی افسر کیخلاف شکایت درج کرنے کی ہدایت

کراچی میں منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف مقدمے میں عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر تفتیشی افسر کے خلاف شکایت درج کرانے کا حکم دے دیا گیا۔

جوڈیشل کمپلیکس کراچی سینٹرل جیل میں منشیات کیس کی سماعت ہوئی، جہاں مقدمے کا تفتیشی افسر انسپکٹر محمد منصور عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ عدالت نے چالان جمع نہ کرانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی ریڈر کو تفتیشی افسر کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔عدالت نے حکم دیا کہ تفتیشی افسر کے خلاف دفعہ 166، 174 اور 17 اے کے تحت شکایت درج کرائی جائے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ شوکاز نوٹس جاری ہونے اور مہلت دیے جانے کے باوجود تفتیشی افسر نہ عدالت میں پیش ہوا اور نہ ہی مقدمے کا چالان یا کوئی رپورٹ جمع کرائی گئی۔

سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ گزشتہ پیشی پر انسپکٹر محمد منصور نے چالان پیش کرنے کے لیے وقت مانگا تھا، تاہم مہلت ملنے کے باوجود عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات سے متعلق مقدمہ زیر سماعت ہے۔ مقدمے میں ملزمہ پہلے مفرور قرار دی گئی تھی، جبکہ اس کے بھائی اور مبینہ سہولت کار کو عدالت کی جانب سے بری کیا جا چکا ہے۔عدالت نے مقدمے کی تفتیش میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو قانونی تقاضے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔