وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی بچت کے لیے نافذ کیے گئے سابقہ کفایت شعاری کے اقدامات کو ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، سرکاری سطح پر ایندھن کی بچت کے اقدامات واپس لے لیے گئے ہیں۔اس نئے حکم نامے کے تحت، اب سرکاری ملازمین کے لیے جمعہ کی چھٹی ختم کر دی گئی ہے، اور افسروں کو پیٹرول کی مکمل سہولت کے ساتھ 60 فیصد سرکاری گاڑیاں دوبارہ استعمال کرنے کی اجازت بھی مل گئی ہے۔کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے اوقات کار کی پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی، جن کے مطابق دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے۔ شادی ہالز کو رات 10 بجے تک اپنی تقریبات سمیٹنی ہوں گی، جبکہ ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے بند ہوں گے، البتہ ہوم ڈلیوری اور ٹیک اوے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔اس کے علاوہ، فارمیسیز، اسپتال، لیبارٹریز، بیکریاں، دودھ کی دکانیں اور تندور اوقات کار کی پابندی سے آزاد ہوں گے۔ پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، الیکٹرک وہیکل چارجنگ پوائنٹس، جم اور اسپورٹس کلبس، آئی ٹی کمپنیز اور کال سینٹرز بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔یاد رہے کہ 9 مارچ 2026 سے قبل نافذ دیگر کفایت شعاری اقدامات بدستور جاری رہیں گے۔