ہفتہ وار مہنگائی میں کمی، مگر پیٹرول، ڈیزل اور 27 اشیاء مہنگی

ہفتہ وار مہنگائی میں کمی، مگر پیٹرول، ڈیزل اور 27 اشیاء مہنگی

اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.91 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 9.05 فیصد رہی۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے 27 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 18 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 4.17 فیصد جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 2.46 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں پر اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیاز کی قیمت میں 7.62 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 3.16 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ گھی، آٹا، مختلف دالوں اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب چند اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھنے میں آئی۔ ٹماٹر کی قیمت میں 22.96 فیصد اور چکن کی قیمت میں 11.20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ چینی کی قیمت اور پہلی سہ ماہی کے بجلی کے چارجز میں بھی کمی ہوئی۔ادارہ شماریات کے مطابق اگرچہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح میں کمی آئی ہے، تاہم ایندھن اور متعدد بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے باعث صارفین پر مہنگائی کا دباؤ بدستور برقرار ہے۔