مسیحی شہری پر امن ماحول میں اپنے مذہبی تہوار کی خوشیاں منائیں:سی سی پی او
لاہور(کرائم رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں کرسمس کی مناسبت سے مسیحی ملازمین کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا۔سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ نے مسیحی ملازمین کے ساتھ کرسمس کیک کاٹا،انہیں کرسمس کی پیشگی مبارکباد دی اورعیدی تقسیم کی۔اس موقع پر ایس ایس پی(ایڈمن) عاطف نذیر،ڈی ایس پی کاشف ڈوگر سمیت دیگر افسران اور مسیحی ملازمین بھی موجود تھے۔شرکاء نے مسیحی کمیونٹی کی خدمات کاا عتراف کیا۔سی سی پی او لاہو رنے کہا کہ محکمہ پولیس کے لئے خدمات سر انجام دینے والے مسیحی ملازمین محکمے کااہم حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہورپولیس ایک فیملی کی طرح ہے اورہم سب ایک دوسرے کی خوشی و غمی میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرسمس کے مذہبی پروگرامز اور مسیحی عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ تفریحی مقامات پر سکیورٹی سخت رہے گی تاکہ مسیحی شہری پر امن ماحول میں اپنے مذہبی تہوار کی خوشیاں منائیں۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں قائم میثاق سنٹرز پرمسیحی شہریوں کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تقریب میں ملکی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔تقریب کے اختتام پرمسیحی ملازمین نے عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔