بلوچستان میں شدید سردی، زیارت اور کچھی میں تفریحی مقامات پر جانے پر پابندی

 شہریوں سے اپیل ،پہاڑوں اور ایسے علاقوں کی جانب جانے سے گریز کریں جہاں سیلاب کا خطرہ ہوتا ہے
ندی نالوں اور ڈیمز کے قریب جانے، لوگوں کے اکھٹے ہونے، کیمپنگ اور تیراکی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے
کوئٹہ(آئی این پی ) صوبہ بلوچستان کے دو اضلاع زیارت اور کچھی میں شدید سردی اور موسمی حالات کے باعث تفریحی مقامات پر جانے پر پابندی عائد کردی گئی ،دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز دفعہ 144 کے تحت یہ پابندیاں نافذ کی ہیں۔اس سلسلے میں جاری سرکاری اعلامیہ میں انتظامیہ کو متوقع شدید سردی کی لہر، بارشوں اور برفباری کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیاحتی مقامات، پکنک پوائنٹس اور دریاوں کے کناروں پر جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔اسی طرح ندی نالوں اور ڈیمز کے قریب جانے، لوگوں کے اکھٹے ہونے، کیمپنگ اور تیراکی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔حکام کی جانب  شہریوں سے اپیل کی گئی ہے وہ پہاڑوں اور ایسے علاقوں کی جانب جانے سے گریز کریں جہاں سیلاب آنے کا خطرہ ہوتا ہے۔اعلامیہ کے مطابق دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق، دونوں اضلاع میں دفعہ 144 کے تحت یہ پابندیاں تاحکم ثانی جاری رہیں گی۔