موہلنوال میں کنٹینر، موٹرسائیکل میں تصادم ، ایک بچہ دم توڑ گیا 2شدید زخمی ، ہسپتال منتقل
لوہے کا سٹینڈ موٹرسائیکل کے پہیہ میں پھنسنے سے حادثہ ،عارف چل بسا ، ڈارئیور زخمی ہو گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں ایک نوجوان اور ایک کمسن بچہ جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ بدو پورہ موہلنوال میں پیش آیا جہاں ایک کنٹینر اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم ہوا۔ حادثے کے نتیجے میں ایک کمسن بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دو بچے شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمی بچوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔دوسرا حادثہ مال روڈ پر پی سی ہوٹل کے سامنے پیش آیا جہاں موٹر سائیکل کا بیلنس بگڑنے کے باعث حادثہ رونما ہوا۔ ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹر سائیکل پر دو نوجوان سوار تھے اور پیچھے بیٹھے نوجوان نے لوہے کا ایک اسٹینڈ پکڑا ہوا تھا جو اچانک موٹر سائیکل کے ٹائر میں پھنس گیا۔ترجمان کے مطابق اسٹینڈ ٹائر میں پھنسنے سے موٹر سائیکل بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود درخت سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں پیچھے بیٹھا عارف نامی نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ زخمی ڈرائیور کو ریسکیو 1122 نے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا۔پولیس نے دونوں حادثات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔