عوام کیلئے ایک اور ریلیف، مٹی کے تیل کی قیمت میں 48 روپے 29 پیسے کمی

عوام کیلئے ایک اور ریلیف، مٹی کے تیل کی قیمت میں 48 روپے 29 پیسے کمی

عوام کے لیے ایک اور خوشخبری سامنے آئی ہے، کیونکہ مٹی کے تیل (کیروسین آئل) کی قیمت میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔

 اس حوالے سےاوگرا نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 48 روپے 29 پیسے کی بڑی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 233 روپے 90 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 282 روپے 19 پیسے فی لیٹر تھی۔قیمت میں اس نمایاں کمی کے بعد صارفین کو فی لیٹر تقریباً 17 فیصد ریلیف حاصل ہوگا، جس سے بالخصوص ان علاقوں کے مکینوں کو فائدہ پہنچے گا جہاں مٹی کا تیل گھریلو استعمال، کھانا پکانے اور حرارت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور توانائی کے شعبے میں قیمتوں کے دباؤ میں کمی کے باعث مٹی کے تیل کی قیمت میں یہ ریلیف دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے صارفین کے ایندھن کے اخراجات کم ہوں گے اور مہنگائی کے دباؤ میں کسی حد تک کمی آنے کی توقع ہے۔دوسری جانب عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول، ڈیزل، بجلی اور گیس سمیت دیگر ضروری شعبوں میں بھی مزید ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ عام شہریوں کو مہنگائی سے نجات مل سکے۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رہتی ہیں تو آئندہ مہینوں میں توانائی کی دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔