اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے جناح میڈیکل کمپلیکس منصوبے کی تعمیر کے تمام مراحل میں 100 فیصد شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کو جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لیے بہترین طبی سہولیات اور جدید ترین طبی تحقیق کے لیے آلات سے لیس اسپتال ہوگا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے حوالے سے چین، ترکیہ، جنوبی کوریا اور سنگاپور میں روڈ شوز منعقد کیے گئے۔ ان روڈ شوز میں عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں نے جناح میڈیکل کمپلیکس کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔