بھارت میں مون سون کی تباہ کاریاں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ایک روز میں 26 افراد ہلاک

بھارت میں مون سون کی تباہ کاریاں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ایک روز میں 26 افراد ہلاک

بھارت میں شدید مون سون بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جہاں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور کلاؤڈ برسٹ کے مختلف واقعات میں ایک ہی روز کے دوران کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو ہونے والی موسلادھار بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں مقبوضہ کشمیر، ناگالینڈ اور اتراکھنڈ شامل ہیں، جہاں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ہمالیائی علاقے میں کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ کئی افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ امدادی ٹیمیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ راجوری اور پونچھ کے اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جہاں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانی ریلوں نے سڑکوں، گھروں اور کاروباری مراکز کو شدید نقصان پہنچایا۔شدید بارشوں کے باعث متعدد شاہراہیں بند ہو گئی ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔حکام کے مطابق خراب موسم اور مسلسل بارشوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جبکہ آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔