راولپنڈی: تھانہ چکلالہ کے علاقے میں طالبہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق طالبہ کی والدہ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کی بیٹی تعلیمی ادارے جا رہی تھی کہ راستے میں عاقب نامی شخص نے اسے دیکھ کر مبینہ طور پر نازیبا حرکات کیں اور نامناسب جملے بھی کسے۔درخواست موصول ہونے کے بعد تھانہ چکلالہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے انسانی ذرائع (ہیومن انٹیلیجنس) کی مدد لی گئی، جس کے نتیجے میں عاقب کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور کیس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔
ایس پی پوٹھوہار سردار بابر ممتاز نے کہا ہے کہ زیرِ حراست ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے ساتھ زیادتی، تشدد یا کسی بھی قسم کی ہراسانی ناقابل برداشت ہے، ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔پولیس حکام کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور بالخصوص خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔