میرپورخاص میں میڈیکل طالبہ کی خودکشی اور ہراسانی کے کیس میں پولیس نے مزید پیش رفت کرتے ہوئے ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم متوفیہ طالبہ کا کلاس فیلو ہے، جسے حراست میں لے کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔حکام کا کہنا ہے کہ کیس میں اب تک دو ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں، جبکہ دو ملزمان ضمانت پر ہیں اور ایک تاحال مفرور ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔اس سے قبل مرکزی ملزم کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں اسے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم ایک نجی میڈیکل کالج میں فارمیسی لیکچرار کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے میں طالبہ کی خودکشی کے بعد یہ معاملہ سامنے آیا تھا، جس پر اہل خانہ کی جانب سے انصاف کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور کیس کی شفاف تحقیقات پر زور دیا جا رہا ہے۔