راولپنڈی: گھر سے یونیورسٹی طالبہ کی لاش برآمد، پولیس کی تحقیقات شروع

راولپنڈی: گھر سے یونیورسٹی طالبہ کی لاش برآمد، پولیس کی تحقیقات شروع

راولپنڈی: تھانہ نصیر آباد کے علاقے اعوان ٹاؤن میں گھر سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی طالبہ کی لاش برآمد ہوئی ہے، جسے پولیس نے تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق طالبہ کے بھائی نے واقعے کی اطلاع دی۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کی بہن رات کو اپنے کمرے میں سوئی ہوئی تھی، تاہم صبح کمرے میں دیکھا گیا تو وہ پھندے کے ذریعے پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی۔اہل خانہ کی جانب سے ابتدائی طور پر واقعے کو خودکشی قرار دیا گیا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی حتمی نوعیت کا تعین تحقیقات اور فرانزک شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔

فرانزک شواہد اکٹھے، پوسٹ مارٹم جاری
پولیس نے جائے وقوعہ سے ضروری فرانزک شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔پولیس حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک شواہد سے موت کی وجوہات اور واقعے کی نوعیت کے حوالے سے مزید معلومات سامنے آنے میں مدد ملے گی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ واضح نہیں کیا جاسکتا کہ واقعہ خودکشی ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور معاملہ کارفرما ہے۔ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔حکام کے مطابق فرانزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹس موصول ہونے کے بعد ہی واقعے کی حتمی صورتحال واضح ہوسکے گی، جبکہ پولیس نے مزید تفتیش بھی شروع کردی ہے۔